کاہنہ اور نشتر کالونی کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک

08-30-2023

(لاہور نیوز) کاہنہ اور نشتر کالونی کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار اور دو فرار ہو گئے۔

جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو گئے۔ تھانہ کاہنہ کے علاقے صوئے آصل روڈ پر عمران نامی شخص کو دو موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں  نے لوٹ لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس  نے ملزموں کا تعاقب کیا، آمنا سامنا ہونے پر ملزموں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ظفر اقبال  نامی ڈاکو زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ دم توڑ گیا۔ ڈاکو ظفر اقبال کا ساتھی عمر فرار ہو گیا۔ ہلاک ڈاکو  کے قبضے سے پستول اور 5 گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ادھر نشتر کالونی کے علاقہ بلال بلاک سے ڈاکو عثمان نامی شہری سے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کرکے فرار ہوئے۔ پولیس کے تعاقب کرنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو سے چھینا گیا موبائل اور نقدی برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ ادھر ستوکتلہ کے علاقہ میں ندیم کا اپنے بھائی کے سالے سے جھگڑا ہو گیا جس نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ندیم کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ کیمپ جیل میں 30 سالہ قیدی محمد علی کو دل کا دورہ پڑا جسے ہسپتال لے کر جایا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ محمد علی سابق پولیس ملازم اور اقدام قتل کے مقدمہ میں جیل آیا تھا۔ تھانہ غازی آباد میں دو افراد  نے دکان میں فائرنگ کرکے توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، تاحال ملزموں کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔