پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے وکلا کیلئے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن بارے ٹریننگ ورکشاپ

08-30-2023

(لاہور نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے ہائی کورٹ لاہور بار کے وکلا کے لیے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے حوالے سے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

اس ضمن میں پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ڈائریکٹر آئی ٹی اسامہ بن سعید نے ای رجسٹریشن کی ضرورت، اغراض و مقاصد اور فوائد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای رجسٹری کا عمل نا صرف جائیداد کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے بلکہ حکومتی اخراجات میں بھی کمی کا سبب بنے گا۔ رضوان چشتی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سسٹم ڈویلپمنٹ نے شرکا کو ای رجسٹریشن پورٹل پر اکاونٹ بنانے، ای رجسٹریشن کے طریقہ کار، خود کار طریقے سے وثیقہ کے اندراج اور اہل کمیشن کی تعیناتی اور پورٹل کے ذریعے اہل کمیشن کے حوالے سے تربیت فراہم کی جس میں بتایا گیا کہ رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے لیے سب رجسٹرار کو لوکل کمیشن منتخب کرنے کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔ لوکل کمیشن مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد پارٹی کی نادرا تصدیق اور تصاویر سب رجسٹرار کو ارسال کرے گا۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا انتظار حسین نے ای رجسٹریشن کے عمل کو سراہا اور اس بات کی یقین دہانی کی کہ ای رجسٹریشن کا عمل پنجاب بھر میں لاگو ہو گا جس کا مقصد موجودہ عمل کی خامیوں کو دور کرنا اور عام لوگوں کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔