پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کا آئندہ تعلیمی سال مفت کتابیں دینے سے انکار

08-30-2023

(ویب ڈیسک) پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے آئندہ تعلیمی سال کے دوران سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق  پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے اگلے تعلیمی سال 2024- 25 میں سرکاری سکولز کے طلباء کو مفت کتابیں دینے سے انکار کردیا، حکومت پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی 10 ارب کی مقروض ہے۔ سابق وزیر تعلیم مراد راس کی غلط پالیسی غریبوں پر بھاری پڑ گئی ،سابق دور حکومت میں 18 ارب کی کتابیں ٹھیکیداروں سے چھپوائی گئیں جبکہ حکومت نے 18 ارب میں سے صرف 8 ارب ادا کئے۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے محکمہ ایجوکیشن کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 10 ارب کے واجبات ادا نہیں کئے گئے تو2024 میں مفت کتابیں نہیں چھپیں گی،مفت کتابیں نہ ملیں تو سرکاری سکولوں کے اڑھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔ پی سی ٹی بی کے مطابق نجاب میں سرکاری سکولوں کے طلباء کو سالانہ فی کس 3 ہزار کی کتابیں مفت ملتی ہیں،رواں سال فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مفت کتابوں کیلئے صرف ساڑھے 3 ارب مختص کیے ہیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ  کتابوں کی چھپائی کیلئے یہ رقم ناکافی ہے، اگر مزید رقم جاری نہ ہوئی تو سال کے آخر تک کتابوں کی چھپوائی ممکن نہیں ہوگی۔