ملک اور ریاست کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا: جاوید لطیف

08-30-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آپ جڑانوالہ واقعے میں مذہبی سازشوں کو بے نقاب کر سکتے ہیں، اسی طرح ملک اور ریاست کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ آج ہر گھر میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے، ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا رونا رویا جا رہا ہے، اس سازش کے پیچھے چھپے ذمے داروں کو سامنے لانے تک ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والے فیصلوں کو عوام کے سامنے لانا ہو گا، 75 سال میں آج تک ملک میں اتنی درخواستیں کسی کے لیے عدالتوں میں نہیں گئیں۔ انہوں نے کہا  کہ انصاف دینے والی قابل احترام شخصیت قاضی عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا، آج کہا جا رہا ہے نواز شریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں، کیا ذوالفقار علی بھٹو سے انصاف ہوا تھا، کیا نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں، آپ آج بھی ان کرداروں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نےمزید  کہا کہ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو عوام کے سامنے لانا ریاستی اداروں کے سربراہان کی ذمے داری ہے، 2017 کے کرداروں کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔