ایشیا کپ میچز:سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل

08-30-2023

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس نے ایشیا کپ کے میچز کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اردگرد تمام روٹس کی 24 گھنٹے سیف سٹیز کیمروں سے نگرانی جاری ہے، میچز کی سکیورٹی کیلئے 600 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے ہوٹل تک آپریشنز اینڈ مانیٹرنگ سینٹر سے سرویلنس کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ سیف سٹی سینٹر میں 200 سے زائد پولیس کمیونیکیشن افسران اور فیلڈ میں ٹیکنیکل ٹیمیں فرائض سرانجام دے رہی ہیں، لاہور میں پہلا میچ 03 ستمبر،دوسرا 05 جبکہ تیسرا میچ 06 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آر یو گاڑیوں پر نصب سیف سٹیز کیمروں سے بھی روٹس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، سیف سٹی ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی صورتحال سے بھی آگاہ رکھا جا رہا ہے۔