پرویز الہٰی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت آج ہو گی

08-30-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الہٰی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہوگی، جسٹس امجد رفیق درخواست پر سماعت کریں گے۔

چودھری پرویزالہٰی کی جانب سے درخواست میں آئی جی پنجاب، نیب، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے غیر قانونی طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کرکے گرفتاری ڈالی، نیب نے انکوائری کو بھی انویسٹی گیشن میں غیر قانونی طور پر اپ گریڈ کیا۔ پرویزالہٰی کی جانب سے مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے نہ کال اپ نوٹس دیا نہ ہی اپنا بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دی۔ سابق وزیراعلیٰ نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نیب کی جانب سے کی گئی گرفتاری کالعدم قرار دے اور کسی بھی خفیہ مقدمے میں گرفتاری روکنے کا حکم جاری کرے۔