چینی 180 روپے کلو، حکم امتناع کی آڑ میں لاکھوں ٹن افغانستان سمگل ہوگئی

08-30-2023

(ویب ڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور بجلی کے ہوشربا بلزسے سنبھل نہیں پا رہی کہ چینی بھی مسلسل قیمت بڑھنے کے باعث کڑوی محسوس ہونے لگی ہے۔

تین ماہ کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 80 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، 3 ماہ پہلے 90 سے 100 روپے کلو ملنے والی چینی آج 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ اس کی افغانستان سمگلنگ ہے۔ محکمہ خوراک پنجاب کے ذرائع کے مطابق مئی2023 میں پنجاب کی شوگرملز کے پاس27 لاکھ ٹن سے زائد چینی سٹاکس موجود تھے جو کم ہو کر13 لاکھ ٹن رہ گئے ہیں، عدالتی حکم امتناع کی آڑ میں لاکھوں ٹن چینی افغانستان سمگل کردی گئی، نگران حکومت نے بقایا چینی سٹاک کی مانیٹرنگ سخت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق شوگرمافیا اور ذخیرہ اندوزوں نے چینی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر47 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا ،فی کلو اوسطا 30 روپے عوام سے لوٹے گئے ٹی سی پی نے برازیل میں پاکستان کے کمرشل اتاشی کو ایک لاکھ ٹن چینی امپورٹ کے مواقع تلاش کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ ٹی سی پی کے لیٹرمیں کہا گیا ہے کہ برازیل حکومت کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ یا نجی شعبہ کی جانب سے چینی امپورٹ کی آپشنز فوری تلاش کی جائیں۔