پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ 2023ء کا آج سے ملتان میں آغاز ہو گا

08-30-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 16 ویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز آج سے ملتان میں ہو گا، پاکستان نے ایونٹ کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آج نیپال کے مد مقابل ہو گی، میچ ڈھائی بجے ملتان سٹیڈیم میں شروع ہو گا، میچ سے پہلے افتتاحی تقریب بھی ہو گی، نیپال کی ٹیم پہلی بار ایشیا کپ کھیلے گی جبکہ قومی ٹیم تیسری بار ٹائٹل جیتنے کا عزم لے کر میدان میں اترے گی، دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم دو میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی پہلے دو نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ فور کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا، گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔ گزشتہ سال بھارت نے گروپ سٹیج میں پاکستان کو ہرایا تھا جبکہ شاہینوں نے ٹاپ فور مرحلے میں بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا کر حساب برابر کر دیا تھا، فائنل میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ 2022ء کا ٹائٹل سری لنکا نے اپنے نام کیا تھا، پاکستان ایشیا کپ کا تاج 2 بار اپنے سر سجا چکا ہے جبکہ 3 بار رنر اپ رہا ہے۔