ایل ڈی اے نے سالانہ و مستقل کمرشل فیسوں میں اضافہ کردیا

08-29-2023

(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے سالانہ و مستقل کمرشل فیسوں کی مد میں اضافہ کر دیا، ڈی سی ریٹ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے کمرشل فیس بھی دوگنا ہوگئی۔

ایل ڈی اے کی جانب سے زمین کے انتقال کی فیسوں میں اضافے کے بعد ٹاؤن پلاننگ کی فیسوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا، ایل ڈی اے نے گھر بنانے کی منظوری کا پراسیس بھی مہنگا کر دیا، ٹاؤن پلاننگ کی مختلف کمرشل فیسوں میں بھی اضافہ کر دیا  گیا، گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد نئی فیسوں کا اطلاق ہو گیا ۔  ایل ڈی اے نے سالانہ و مستقل کمرشل فیسوں کی مد میں اضافہ کیا، ڈی سی ریٹ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے کمرشل فیس بھی دوگنا ہوگئی، کمرشل فیس میں اضافہ ہونے کی وجہ سے لوگوں نے املاک کمرشل کروانے کے لیے ایل ڈی اے سے رجوع کرنا چھوڑ دیا، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ایل ڈی اے کو کمرشلائزیشن کی صرف 13 درخواستیں موصول ہوئیں۔  جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ مین بلیوارڈ پر کمرشل فیس فی مرلہ 22 لاکھ 58 ہزار روپے ہوگئی، ایم ایم عالم روڈ پر ایل ڈی اے کی کمرشل فیس فی مرلہ 21 لاکھ 11 ہزار روپے تک پہنچ گئی، جوہر ٹاؤن میں مرکزی شاہراہ پر کمرشل فیس 7 لاکھ 71 ہزار 764 روپے ہوگئی۔ اسی طرح گارڈن ٹاؤن اور اچھرہ کے علاقے میں کمرشل فیس فی مرلہ 8 لاکھ 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ  گارڈن ٹاؤن سوک سنٹر میں فی مرلہ مستقل کمرشل فیس 10 لاکھ 9 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ و ریونیو کے افسران کو نئی فیسوں کے مطابق چالان جاری کرنے کی ہدایات کر دی گئیں۔