ملتان آکر اچھا لگا، پورا ایشیا کپ پاکستان میں ہونا چاہیے تھا: بابر اعظم
08-29-2023
(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ملتان آکر کافی اچھا لگا، پورا ایشیا کپ پاکستان میں ہوتا تو اچھا ہوتا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ملتان آکر کافی اچھا لگا ،آخری بار ملتان میں ٹیسٹ اور ون ڈے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے تھے، افغانستان کیخلاف ٹیم اچھا کھیلی، کوشش کریں گے ایشیاء کپ میں بھی اچھا کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کسی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے ، ہم نے نیپال کی ٹیم کو دیکھا ہے اسکی سٹرنتھ اور کمزوری کو دیکھا ہے، لوگوں کی توقعات اور بڑھ گئی ہیں جوکہ ہمیں پوری کرنی ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے پورا ایشیاء کپ پاکستان میں ہوتا تو اچھا ہوتا لیکن اب جو شیڈول ہے اسکے حوالے سے تیار ہیں ، ہمارے کوچز نے کھلاڑیوں نے ٹریول شیڈول کو دیکھ کر تیاری کی ہے ، باؤلرز اور بیٹسمینوں دونوں نے افغانستان کیخلاف اچھا پرفارم کیا ، ایک میچ میں باؤلرز نے اور پھر بیٹسمینوں نے اچھا پرفارم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھے کپتانی ملی تھی تو میں نے کوشش کی تھی ٹیم کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے، ٹیم کی کامیابی کے حوالے سے سوچتا ہوں ، ہمارے سارے پلیئرز مختلف لیگز میں گئے ہوئے تھے، سب کو مختلف ٹاسک دیئے گئے تھے ، کوچز نے جس طرح پلیئرز کو دیکھا اور لے کر چلے بہت اچھا کام کیا۔