ریشم کا ’گنجل‘ کے ذریعے سینما سکرین پر واپسی کا اعلان

08-29-2023

(ویب ڈیسک) ماضی کی مقبول اداکارہ ریشم نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی احمد علی اکبر کے ہمراہ ’گنجل‘ نامی فلم سے بڑی سکرین پر واپسی کر رہی ہیں۔

ریشم کی آخری مرکزی فلم ’سوارنگی‘ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، اب 8 سال بعد انہوں نے بتایا ہے کہ جلد ہی وہ بڑے پردے احمد علی اکبر کے ہمراہ دکھائی دیں گی۔ ریشم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ’گنجل‘ کی ہدایات شعیب سلطان نے دی ہیں، جس میں وہ احمد علی اکبر کے ہمراہ جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔ انہوں نے فلم کی کہانی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا اور نہ ہی اس بات کی وضاحت کی کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ان کی پوسٹ سے اندازہ ہوتا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی۔ ریشم مذکورہ فلم سے متعلق انسٹاگرام پر بھی پہلے پوسٹس کر چکی ہیں، جن میں انہوں نے بتایا تھا کہ فلم میں احمد علی بٹ اور آمنہ الیاس سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہوں گے۔     انہوں نے لکھا کہ مذکورہ فلم میں کام کرنے کے لیے حوالے سے جہاں وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں، وہیں انہیں کچھ خوف بھی ہے۔ ریشم نے لکھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی ’گنجل‘ جیسی فلم میں کام کرنا چاہتی تھی لیکن ان کی بدقسمتی رہی کہ انہیں ایسا موقع نہیں ملا۔ اداکارہ نے مزید لکھا کہ برسوں بعد جب انہیں ’گنجل‘ کی کہانی سنائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر کام کی رضامندی ظاہر کی، مذکورہ فلم انہیں ضرور کرنی تھی کیونکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ان موضوعات پر بات کریں جن پر بات کرنا ضروری ہے۔ ریشم نے لکھا کہ گزشتہ برس وہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں مختصر کردار میں دکھائی دی تھیں لیکن اب کچھ سال بعد وہ مرکزی کردار کے طور پر بڑے پردے پر دکھائی دیں گی۔