توشہ خانہ کیس میں لاڈلے کی سزا معطل ہوئی، ختم نہیں: شہبازشریف

08-29-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس کا "گُڈ ٹو سی یو" اور "وشنگ یو گڈ لک" کا پیغام اسلاآباد ہائیکورٹ تک پہنچ گیا، فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اعلی عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟، نوازشریف کی سزا یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کے لئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے، نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے، چور اور ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی توملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا۔ صدر مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہو، پولیس پر پٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف۔