چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کتنی تنخواہ مانگی ؟

08-29-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے درمیان تنخواہ کے معاملات ابھی تک طے نہیں ہوسکے ہیں، لیکن پی سی بی کا دعویٰ اس کے برعکس ہے۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور انضمام کے معاملات طے پاگئے ہیں، وہ منگل کو ملتان جارہے ہیں جہاں وہ کپتان بابراعظم ، ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن سے مل کرورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔  تاہم پی سی بی حکام کی سری لنکا سے واپسی پر ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی بننے کے لیے پی سی بی سے چار سال کا معاہدہ مانگا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی سے معاہدہ ختم اور میڈیا کے معاہدوں کو نظرانداز کیا ہے اس لیے مجھے 25لاکھ روپے کی تنخواہ دی جائے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے15لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔ رقم میں واضح فرق ہونے کے سبب ابھی تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے کہا ہے کہ اگر 18لاکھ روپےتنخواہ دی جاتی ہے تو پشاور زلمی اور ٹیلی ویژن پر کام کرنے کی اجازت دی جائے، پی سی بی نے یہ کیس مزید کارروائی کے لیے اپنے لیگل ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا ہے۔  واضح رہے کہ انضمام الحق پشاور زلمی کے صدر تھے، انہیں ہارون رشید کی جگہ چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے۔