بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی والدہ کا ارشد ندیم سے متعلق بڑا بیان ،صحافی کو چپ کرادیا

08-29-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے مقابلے میں بھارت کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا کی والدہ نے سلور میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم سے متعلق سوال پر بھارتی صحافی کو خاموش کرا دیا۔

میڈیا ٹاک میں ایک صحافی نے نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی سے پوچھا کہ نیرج کے لیے ایک پاکستانی کو شکست دینا کتنی بڑی کامیابی ہے؟ جواب میں کھلاڑی کی والدہ نے کہا کہ میدان میں ملکوں کی کوئی تقسیم نہیں، تمام کھلاڑی برابر ہیں، میں ارشد ندیم کے لیے سلور میڈل جیتنے پر خوش ہوں۔ سروج دیوی صاحبہ نے کہا کہ دیکھو جی میدان میں جاؤ گے تو سارے کھلاڑی ہیں، کوئی نہ کوئی تو جیتے گا، پاکستان سے ہونا یا ہریانہ سے ہونا اس کی کوئی بات نہیں، میرے لیے خوشی کی بات ہے اور جو پاکستان سے جیتا ہے اس کے لیے بھی خوش ہوں۔ اس سے قبل گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے بھی ارشد ندیم کی تعریف کی تھی اور تصاویر بنوائیں، نیرج نے گفتگو میں کہا کہ مجھے ارشد ندیم کے لیے خوشی ہوئی، ہم نے دونوں ممالک کے آگے بڑھنے کے بارے میں بات چیت کی۔ نیرج چوپڑا نے کہا کہ پہلے یورپین ایتھلیٹس تھے، اب ہم ان کے لیول پر پہنچ گئے ہیں۔