امید ہے،ارشد کی کامیابی کے بعد ملک میں ایتھلیٹکس پر توجہ دی جائیگی: فاطمہ حسین

08-29-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ ٹریننگ کرنیوالی اور پاکستان کی ٹاپ ویمن جیولن تھروور فاطمہ حسین کا کہنا ہے کہ ارشد ایک فائٹر کھلاڑی ہیں، انجری کے بعد انہوں نے شاندار کم بیک کیا، ارشد کی کامیاب پرفارمنس کے بعد امید ہے کہ ملک میں ایتھلیٹکس کو بھی توجہ دی جائے گی۔

ارشد ندیم نے ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں 87.82 کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا اور ورلڈ چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بنے۔ ارشد کی پرفارمنس پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی ویمن جیولن تھرو چیمپئن فاطمہ حسین نے کہا کہ ارشد نے ثابت کردیا کہ وہ فائٹر پلیئر ہیں۔ فاطمہ کا کہنا تھا کہ وہ ارشد ندیم کے ساتھ ہی ٹریننگ کرتی ہیں،ارشد ندیم نے انجری کے بعد شاندار کم بیک کیا حالانکہ ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے روانگی سے دس روز قبل انہیں گھٹنے میں مسئلہ ہوا تھا لیکن اس سے ان کی پرفارمنس پر اثر نہیں پڑا۔ فاطمہ حسین کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی پرفارمنس سے پاکستان کی پوری ایتھلیٹکس فیملی کا نام روشن ہوگااور امید ہے کہ اب ملک میں ایتھلیٹکس، خاص طور پر جیولن تھرو کو بھی توجہ ملے گی۔ فاطمہ حسین نے کہا کہ ان کی خواہش ہے جس طرح ملک میں کرکٹ کو سپانسرشپ ملتی ہے، ایتھلیٹکس کو بھی ایسے ہی سپانسرشپ ملے تاکہ مزید کھلاڑی ملک کا نام روشن کرسکیں۔