ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال
08-29-2023
(ویب ڈیسک) ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتنے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔
جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم کا لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان سپورٹس بورڈ حکام نے ارشد ندیم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں، حکومت سے درخواست ہے کہ بین الاقوامی سطح کی سہولتیں اور کوچ مہیا کرے، سہولتیں ہوں گی تو بہتر پرفارم کرسکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری بھارت کے ایتھلیٹ نیرج چوپڑا سے اچھی دوستی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرتے ہوئےسلور میڈل جیتا۔ ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا آدھے میٹر سے بھی کم فرق کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 74.80، دوسری تھرو میں 82.81، تیسری تھرو میں 87.82 ، چوتھی میں 87.15 جبکہ چھٹی تھرو میں 81.86 میٹر تک جیولن پھینکا ۔ پانچویں باری میں ان کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا تھا۔ آخری باری میں ارشد ندیم کو 88.17 میٹر سے بڑی تھرو کرنا تھی لیکن انہیں اس میں کامیابی نہ ملی اور ان کی آخری تھرو 81.86 میٹر کی رہی جس کی وجہ سے نیرج چوپڑا گولڈ اور ارشد ندیم سلور میڈل کے حقدار قرار پائے ۔ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بھی بن گئے ۔