ایشیا کپ 2023ء کا کل سے آغاز، پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں افتتاحی میچ کھیلیں گی

08-29-2023

(لاہور نیوز) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 16 واں ایڈیشن کل سے شروع ہوگا، افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، پاک بھارت ٹاکرا 2 ستمبر کو ہوگا۔

ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم دو میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی پہلے دو نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ فور کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا، گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔ گزشتہ سال بھارت نے گروپ سٹیج میں پاکستان کو ہرایا تھا جبکہ شاہینوں نے ٹاپ فور مرحلے میں بھارتی سورماؤں کو دھول چٹائی تھی، فائنل میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ 2022ء کا ٹائٹل سری لنکا نے اپنے نام کیا تھا، پاکستان ایشیا کپ کا تاج 2 بار اپنے سر سجا چکا ہے جبکہ 3 بار رنراپ رہا ہے۔