قوم کو تم پر فخر ہے ، صدر مملکت اورنگراں وزیراعظم کی ارشد ندیم کومبارکباد
08-28-2023
(لاہورنیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر صدر مملکت عارف علوی نے ایونٹ میں تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی کےلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ایونٹ میں تمغہ جیتے والے نے نشانہ 87.82 میٹر تک پھینکا جو بھارتی گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا سے صرف 0.35 میٹر کم ہے۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اس کامیابی کے بعد ارشد ندیم نے 2024 پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے، ہمیں تم پر فخر ہے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے بھی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کومبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ پوری قوم کو ارشد ندیم پرفخر ہے ، ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ارشد ندیم کی زبردست کارکردگی نے قوم کےلئے خوشیوں کا سامان پیدا کیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ۔ارشد ندیم 87 اعشاریہ 82 میٹر تھرو کر کے چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔