واسا کے ملازمین بھی بجلی بلوں کے خلاف سراپا احتجاج

08-28-2023

(لاہور نیوز) بجلی کے بل دیکھ کر سرکاری ملازمین کو بھی ہائی وولٹیج کا جھٹکا لگ گیا۔ واسا کے ملازمین بھی بجلی بلوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔

بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ سے ملک بھر میں عوام چکرا گئے۔ بجلی کے بل دیکھ کر لوگوں کو 440 وولٹ کا جھٹکا لگا اور بلوں نے اوسان خطا کر دیئے۔ بلوں میں اضافے سے ہر شعبہ زندگی شدید متاثر ہوا  اور احتجاج کا  نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سرکاری  ملازمین بھی بلوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ واسا پھول یونین کے عہدیداروں کی جانب سے واسا دفاتر میں شدید احتجاج کیا گیا۔ ملازمین کی جانب سے بلوں میں اضافے کے خلاف واسا ایڈمن آفس میں نعرے بازی کی گئی۔ واسا ملازمین کا کہنا تھا کہ لوگ خود کشیوں پر مجبور ہو گئے۔ پہلے ہی بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے مشکل ہیں۔ اوپر سے اتنے زیادہ بلوں نے مزید پریشان کر دیا ہے۔ واسا کے ملازمین نے بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ فوری واپس لینے اور واسا ملازمین کو سو فیصد الاؤنس دینے کا مطالبہ بھی کیا۔