سی بی اے یونین میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج

08-28-2023

(لاہور نیوز) ٹاؤن ہال میں سی بی اے یونین میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاج کیا۔

بجلی کے بھاری بھرکم بل پر سرکاری ملازمین کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو گیا۔ ٹاؤن ہال کے مرکزی دروازے پر سی بی اے یونین بلدیہ عظمیٰ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ملازمین نے استنبول چوک پر ٹائر اور بلوں کو نذر آتش کیا اور نعرے  بازی کی۔ مظاہرین نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو دہائیاں دیتے رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 32 ہزار روپے تنخواہ ہے، 15 ہزار روپے بل آ گیا۔ گھر کا کرایہ دیں، بچوں کو پالیں یا بجلی کے بل ادا کریں۔ سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری محمد احمد کا کہنا تھا کہ50فیصد تنخواہیں بلوں میں چلی جاتی ہیں۔ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ واپڈا ملازمین کی فری بجلی بند کی جائے۔ درجہ چہارم کے ملازمین استنبول چوک پر احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد منتشر ہو گئے اور سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔