چیئرمین نیپرا کو بلوں میں ریلیف سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم

08-28-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کیس پر سماعت میں عدالت نے چیئرمین نیپرا کو 21 روز میں بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کیس پر جسٹس رضا قریشی نے میاں عبدالمتین ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور نیپرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے باعث شہری خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ عوام مہنگائی کے باعث دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے سے متعلق قواعد و ضوابط پورے نہیں کیے گئے۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عبدالمتین ایڈووکیٹ نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے بلوں میں اضافے  نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ عدالت نے چیئرمین نیپرا کو 21 روز میں بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا اور قرار دیا کہ چیئرمین نیپرا درخواست گزاروں کو سن کر فیصلہ کریں۔