سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب

08-27-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا۔

نگران وزیراعظم کی زیرصدارت کمیٹی خلیجی ممالک اور چین کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر غور کرے گی جبکہ ایگزیکٹو اور عملدرآمد کمیٹیز کی سفارشات ایپکس کمیٹی میں بھی پیش کی جائیں گی۔ یاد رہے سابق حکومت نے اعلیٰ سطح  کے اجلاس میں ’’معاشی بحالی‘‘ کی جامع حکمت عملی جاری کی تھی جس کا مقصد اہم شعبوں میں اپنے غیر استعمال شدہ وسائل کو بروئے کار لاکر اور دوست ممالک کی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے۔ واضح رہے گزشتہ مہینے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے قائم کردہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے پہلے اجلاس میں آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے تھے۔ اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت زراعت، معدنیات، لائیو سٹاک، کان کنی، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا، منصوبے کے تحت ان شعبوں کے ذریعے ملک کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔