پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں اختلاف، ذکا اشرف کو اراکین کی مخالفت کا سامنا

08-27-2023

(لاہور نیوز) وفاق کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی میں بھی اختلاف سامنے آ گئے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے کراچی اجلاس میں اراکین نے چیئرمین ذکا اشرف کی کھل کر مخالفت کر دی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں چیئرمین ذکا اشرف کے خلاف گروپ بن گیا، اراکین  نے سوال اٹھایا کہ لیگل ٹیم ہوتے ہوئے ذکا اشرف کے ذاتی وکیل کی کیا ضرورت ہے اور ہر سماعت پر 15 لاکھ روپے بورڈ سے کیوں دیے جاتے ہیں۔ ذکا اشرف نے کمیٹی اراکین کو منانے کی کوشش کی اور تمام اراکین کو ایشیا کپ کے دوران سری لنکا لے جانے کی آفر بھی دی، ذکا اشرف نے پیشکش کی کہ آپ حامی بھریں تمام تر اخراجات ہم اٹھائیں گے۔ کراچی کے نجی ہوٹل میں جاری پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں 6 نکات شامل ہیں، اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے تمام فیصلوں کی توثیق کروائی جائے گی، آئی سی سی، اے سی سی اور پی سی بی معاملات پر اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انفراسٹرکچر پروجیکٹ کے حوالے سے اپڈیٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ بجٹ، اخراجات اور آمدنی کے حوالے سے بھی اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔