کاروباری ہفتے میں روپے کو سنبھالا نہ ملا
08-27-2023
(لاہور نیوز) کاروباری ہفتے میں روپے کو سنبھالا نہ ملا ۔ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر ریٹ بے لگام رہا۔
کاروباری ہفتہ روپے کی بے قدری کے نئے ریکارڈ بناتا رہا۔ ہفتہ بھر میں ڈالر کی دھواں دھار اننگز جاری رہی۔ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر پانچ روپے 22 پیسے مہنگا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 12 روپے کا اضافہ ہوا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر کے سرکاری ریٹ نے ٹرپل سنچری مکمل کی۔ 24 اگست کو انٹر بینک میں ڈالر ریٹ 300 روپے تک پہنچ گیا اور 25 اگست کو ڈالر 301 روپے کی حد پر بند ہوا۔ دوسری جانب ڈالر خریداری کا تمام دباؤ اوپن مارکیٹ میں رہا جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 317 روپے تک چلا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق درآمد کنند گان اپنے آرڈرز کے لئے ڈالر خریداری کی کوشش میں ہیں جبکہ سٹیٹ بینک اپنے زرمبادلہ ذخائر کم از کم 8 ارب ڈالر تک رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور خریداری بڑھنے سے اوپن مارکیٹ میں تیزی رہی۔ اوپن مارکیٹ اور سرکاری ریٹ میں فرق بڑھنے سے ترسیلات زر میں مزید کمی کا خدشہ بھی موجود ہے۔