ایشیا کپ میچز، پولیس نے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا

08-27-2023

(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی جانب سے ایشیا کپ میچز کے دوران قومی و بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔

سکیورٹی پلان کے مطابق 10 ایس پیز، 36 ڈی ایس پیز، 86 ایس ایچ اوز، 445 اپر سبارڈنیٹس اور 5 ہزار سے زائد پولیس کے جوان میچز کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے  لاہور میں ایشیا کپ کے تین میچز منعقد ہوں گے۔ پہلا میچ بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین 3 ستمبر کو منعقد ہو گا۔ دوسرا 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے مابین جبکہ 6 ستمبر کو سپر فور مرحلے کا میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور پولیس نے ایشیا کپ کیلئے بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ ایشیا کپ کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔ کرکٹ کھلاڑیوں و شائقین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بیرئیرز، واک تھروگیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں ودیگر سکیورٹی انتظامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ خواتین شرکا کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے گئی۔  سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ  نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا سپروائزری افسران ایشیا کپ کے دوران سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ ایشیا کپ میچوں کے دوران ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ شہر کی اہم شاہراؤں، مارکیٹوں، پبلک مقامات پر ناکے لگانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے لاہور  کے مختلف علاقوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ لاہور پولیس قیام امن کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور کھیلوں کے فروغ میں بھر پور معاونت فراہم کر رہی ہے۔