نگران وفاقی وزیر خلیل جارج کی تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی عیادت

08-27-2023

(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والی بچی رضوانہ کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ جب اپنی بیٹی رضوانہ کی حالت دیکھی تو میں اپنے آنسو نہیں روک سکا، رضوانہ کی جو حالت دیکھی وہ بہت تشویشناک ہے، آج رضوانہ کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہے، ایسی بہت سی رضوانہ ہیں جو آج بھی مختلف گھروں میں ہیں۔ خلیل جارج کا کہنا تھا کہ آج رضوانہ کے پاس آ کر بہت اچھا لگا، بچی نے کہا مجھے بس انصاف چاہئے، اس سے پہلے بھی جو لوگ آئے ان کو بھی رضوانہ نے یہی بات کی، چاہے میں ہوں یا میری کابینہ کا کوئی بھی فرد جو بھی ظلم کرے گا وہ قانون کے کٹہرے میں آئے گا، ڈاکٹروں نے اس بچی پر بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا معاملہ میرے دل کے بہت قریب ہے، یہ میڈیا کا کام ہے کہ ایسے کاموں کو ہائی لائیٹ کرے، ، جیسے ہی میں نے حلف لیا میں جڑانوالہ چلا گیا، اسلامیہ یونیورسٹی والے معاملہ کو گورنر صاحب دیکھ رہے ہیں، جڑانوالہ کی اسسٹنٹ کمشنر کو سکیورٹی خدشات کے باعث ہٹایا گیا۔ انکی جان کو خطرہ تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسیحی برادری کا لہو بھی اس ملک کی بنیادوں میں شامل ہے، مسلم بہن بھائیوں کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری کی بھی اس میں قربانیاں شامل ہیں۔