سیاسی جماعتوں کو ملکی اداروں پر حملے سے گریز کرنا چاہیے: وزارت قانون و انصاف

08-27-2023

(ویب ڈیسک) وزارت قانون و انصاف نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ملکی اداروں پر حملے سے گریز کرنا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزارت قانون و انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سماجی میڈیا پر ایک سیاسی جماعت کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر تنقید غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ وزارت قانون و انصاف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کے اداروں پر ایسے حملے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا آغاز کر دیا، ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف منظم سوشل میڈیا مہم کنٹیمپٹ آف کورٹ ہے۔ قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مہم عدلیہ کیخلاف ایک منظم مہم اور حملہ ہے، یہ پی ٹی آئی کی روش ہے کہ جب بھی فیصلہ آنا ہو عدالت اور جج کو ٹارگٹ کیا جائے، اس سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی، قائدین اور کارکن مختلف جج صاحبان کو دھمکیاں دے چکے ہیں۔