چیئرمین پی ٹی آئی کا 9 مئی واقعات میں ملوث افراد سے اظہار لاتعلقی

08-27-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے 9 کے واقعات میں ملوث افراد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم  مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جمعہ کے روز اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف سے 6 مقدمات میں تفتیش کی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت پوری جے آئی ٹی ٹیم نے سابق وزیر اعظم سے سوالات کیے۔ جے آئی ٹی نے پوچھا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں گرفتار ہو گیا تھا، کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ ایسی ویڈیوز اور کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، جس پر سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹونمنٹ کے علاقے میں گئے، جلاؤ گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں، کوئی اور افراد تھے۔ جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جمعے کو آدھا گھنٹہ اٹک جیل میں تفتیش کی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشت گردی کے 6 مقدمات درج ہیں۔