بھارتی ڈیم خطرناک حد تک بھر گئے، پانی کی آمد میں تباہ کن اضافہ متوقع
08-26-2023
(لاہور نیوز) دریائے ستلج پر بھارتی ڈیم پونگ اور باکھرا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، مزید بارشوں کی صورت میں بھارت سے پانی کی آمد میں تباہ کن اضافہ متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج میں پانی کی مزید آمد سے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع شدید متاثر ہو سکتے ہیں، دریائے ستلج کے راستے میں قائم سوسائٹیوں اور قصبوں کو خالی کرانا پڑ سکتا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے مطابق متاثر ہونے والے موضع، دیہات اور سوسائٹیوں بارے تفصیلات متعلقہ انتظامیہ کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ریلیف کمشنر نے ہدایت جاری کی ہے کہ بھارتی ڈیموں کی صورتحال پر تشویش ہے، تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ ندی نالوں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے۔ نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ مقامی آبادیوں کے ساتھ بھی معلومات شیئر کی جائیں تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار رہیں، عوام اور ادارے مل کر سیلاب کی تباہ کاریوں کو کم سے کم کر سکتے ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے اطلاع دے سکتے ہیں۔