آخری ون ڈے میں قومی ٹیم نے افغانستان کو جیت کیلئے 269 رنز کا ہدف دے دیا
08-26-2023
(لاہور نیوز) تین ایک روز میچز کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کی ٹیم کو جیت کیلئے مقررہ 50 اوورز میں 269 رنز کا ہدف دے دیا۔
کولمبو میں جاری میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع میں مشکلات کا شکار رہی، اوپنر بلے باز فخر زمان 27 جبکہ امام الحق 13 رنز پر گلبدین نائب کا شکار بنے۔کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے وکٹ پر جم کر بیٹنگ کی، تاہم رنز کی رفتار انتہائی سست رہی، بابر اعظم 86 گیندوں پر 60 جبکہ محمد رضوان 79 گیندوں پر 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں آغا سلمان نے ناقابل شکست 38، محمد نواز نے 30، سعود شکیل نے 9 اور شاداب خان نے 3 رنز کی اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فرید احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور راشد خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج پہلے 10 اوورز مشکل ہوگی لیکن زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر افغان ٹیم پر دباؤ بڑھائیں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ کیلئے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز اور وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ، افتخار احمد اور اسامہ میر کو آرام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب افغانستان کے آل راؤنڈر عظمت اللہ عمرزئی سائیڈ سٹرین کی وجہ سے میچ سے باہر ہو گئے، آل راؤنڈر گلبدین نائب کو آج ہونے والے میچ کیلئے افغان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ، اگر قومی ٹیم آج کا یہ میچ جیت جاتی ہے تو ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آ جائے گی۔