پاک افغان ون ڈے سیریز: افغانی باؤلر فرید احمد کی بابر اعظم، امام الحق سے بدتمیزی کی انتہا
08-26-2023
(لاہور نیوز) افغانستان کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہ ہوسکی، گزشتہ سال آصف علی سے لڑائی کرنے والے افغانی باؤلر فرید احمد نے دوسرے ون ڈے میں بدتمیزی کی تمام حدیں پار کر دیں۔
ذرائع کے مطابق دوسرے ون ڈے میں افغانستان کو شکست کے بعد افغانی کھلاڑی فرید احمد نے بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی کی، فرید احمد نے میچ کے بعد بابر اعظم اور امام الحق سے ہاتھ نہیں ملایا اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جس پر دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے فرید احمد کی بدتمیزی پر کوئی جواب نہیں دیا۔ افغانی آل راؤنڈر راشد خان اور محمد نبی نے بابر اعظم اور امام الحق سے فرید احمد کے رویے پر معافی مانگی، راشد خان نے فرید احمد پر غصہ کیا اور اسے دور جانے کا کہا۔ فرید احمد کی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی اور نازیبا الفاظ پر قومی ٹیم مینجمنٹ نے سخت احتجاج کیا، ٹیم مینجمنٹ نے فرید احمد کے غلط رویے پر میچ ریفری کو شکایت لگائی جبکہ افغانستان کے کوچز نے بھی بابر اعظم اور امام الحق سے معذرت کی۔