الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 کو اوور رول نہیں کر سکتا، شہزاد سعید چیمہ
08-26-2023
(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے رہنما شہزاد سعید چیمہ کا کہنا ہے الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 کو اوور رول نہیں کر سکتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے آئینی مدت میں انتخابات پر اتفاق کیا ہے۔ الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 کو اوور رول نہیں کر سکتا، الیکشن بروقت کروائے جائیں۔ اگر کسی بہانے کے ساتھ تاخیر ہوئی تو یہ آئین شکنی ہو گی۔ شہزاد سعید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور الیکشن کے انتظامات کرے۔ الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات میں اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے۔ الیکشن کے انعقاد کے لئے ہر قانونی حربہ استعمال کریں گے۔ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کا کہنا تھا کہ معاشی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔ عام آدمی کے لئے زندگی گزارنا اب مشکل ہوتا جا رہا ہے۔