بجلی کے بھاری بلوں پر احتجاج : نگران وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

08-26-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم نے عوام کے سخت ردعمل کے بعد بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں وزارتِ بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی۔ نگران وزیراعظم نے کہا  کہ صارفین کو بجلی کے بِلوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مشاورت کی جائے گی۔   واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے پر ملک بھر میں عوام سراپا احتجاج ہیں، اس حوالے سے کراچی،  راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے اضافی بل عوام کی برداشت سے باہر ہو گئے، غریب عوام دو وقت کی روٹی پوری کریں یا بجلی کے بھاری بل جمع کرائے ، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور ٹیکس بھی ختم کیا جائے ۔ تاجروں نے بجلی کے بھاری بلز اور ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف شٹر ڈاؤن کا اعلان بھی کیا ہے۔