لیسکو کے جلے اور خراب میٹرز کی تبدیلی بھی بڑا ہتھیار بن گئی

08-26-2023

(لاہور نیوز) بجلی کے بل عذاب بن گئے۔ لیسکو کے ہزاروں کی تعداد میں جلے اور خراب میٹرز کی تبدیلی بھی بڑا ہتھیار بن گئی۔

میٹرز بدلنے کے بجائے معمول سے زیادہ اوسط ریڈنگز ڈال دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق جس تاریخ کو ریڈنگ لی جاتی ہے، مزید ایک ہفتے کی اوسطاً شامل کر دی جاتی ہے۔ صارفین کو ایک دن پہلے بل پہنچنے کے پیچھے لیسکو کی یہی کاریگری پنہاں ہے۔ میٹرز کی عدم دستیابی، جلے اور خراب میٹرز تبدیل نہ کرنے کا ملبہ بھی عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ ادارے نے اپنی کوتاہی کا کفارہ ادا کرنے کے بجائے اضافی بلز بھجوا دئیے۔ روٹی کیسے کھانی، عوام بھول گئے، اب صرف خوفناک بل ادا کرنے کی فکر ستانے لگی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ کوئی نجات دہندہ بھیجے، جو لیسکو سے جان چھڑائے۔ دوسری جانب لیسکو اتھارٹی کی توجہ ریکوری پر مرکوز ہے۔ ریکوری سٹاف کی ہفتہ وار چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی۔ بلوں کی اقساط پر پابندی نے انڈسٹریل صارفین کو خوار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بل جمع کروانے کی شرح میں 25 فیصد تک کمی ہوئی۔ لیسکو دفاتر کے باہر اقساط کروانے والے صارفین کا رش لگ گیا۔ متعدد سرکاری ادارے بھی تاحال بلوں کی ادائیگی نہ کر سکے۔