پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی : سنٹرز کے عملے کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

08-26-2023

(لاہور نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے زیراہتمام اراضی ریکارڈز سنٹرز کے سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے لائل پور جم خانہ میں فیصل آباد ڈویژن کے افسران کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر آپریشنز انجم زہرا، ڈائریکٹر آئی ٹی اسامہ بن سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔   ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر کی ہدایت پر فیلڈ عملہ کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب کی تمام ڈویژن میں مرحلہ وار ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ورکشاپ میں تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز کے عملے کو تربیت فراہم کی گئی۔ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے فنانس، آئی ٹی، آپریشنز،ہیومن ریسورس اور آڈٹ کے افسران نے ورکشاپ میں رہنمائی فراہم کی۔   ورکشاپ ریونیو کے مختلف حصوں جن میں ویلوایشن ٹیبل کے مطابق فیس کی پڑتال، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں ریکارڈ اور نام کی درستی پر تربیت دی گئی۔ ورکشاپ میں فرد کا طریقہ، لینڈ ریونیو ایکٹ کے مطابق وراثتی انتقال کا عملدرآمد، ای رجسٹری (خود کارطریقہ) اور پرانی رجسٹریوں کے انتقال کا طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔   ورکشاپ میں لینڈریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں ملکیت /خسرہ بلاک کرنے، ٹرانزیکشنل فرد کینسل کرنے کی بھی تربیت دی گئی۔ ورکشاپ میں گورنمنٹ لینڈ بلاک کرنے کے طریقہ کار ،خانہ کاشت کے انتقالات،حکم امتناعی، منسوخی حکم امتناعی ، کورٹ آرڈر پرعملدرآمد، عملدرآمد کے طریقہ کار ، سنٹرز کے ماہانا اخراجات کی رپورٹ، ایف بی آر فیس کی پڑتال جیسے ریونیو امور سے متعلق تمام مروجہ اور تجدیدی مراحل پر تربیت دی گئی۔ ڈائریکٹر آپریشنز انجم زہرا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام عملہ کی پیشہ ورانہ تربیت سے پنجاب کے تمام شہروں میں کمپیوٹرائزڈ لینڈ ایڈمنسٹریشن کے معیاری اور منظم نظام کے تحت اراضی ریکارڈ سنٹرز پرخدمات کی آسان اور شفاف فراہمی یقینی ہو گی ، ہم باقی ڈویژنز میں بھی ورکشاپس کے ذریعے مرحلہ وار تربیت مکمل کروائیں گے، پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی خدمات کی شفاف اور بروقت فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔