بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں شہری سراپااحتجاج

08-26-2023

(ویب ڈیسک) بجلی کے بلوں میں اضافے نے عوام کے صبرکا پیمانہ لبریز کردیا ، لاہور ، کراچی راولپنڈی، گوجرانوالہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

کراچی میں بجلی کے نرخوں میں اضافے پر جماعت اسلامی اور تاجروں نے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا جبکہ راولپنڈی میں مظاہرین کمیٹی چوک پر جمع ہوئے، مظاہرین نے بل جلاتے ہوئے حکومت سے بجلی پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاہور کے علاقے کاہنہ میں شہری زائد بلوں کیخلاف سڑکوں پر آگئے اور لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، شہریوں نے احتجاج میں بجلی کے بل بھی جلا دیے۔ تلہ گنگ میں ٹریفک چوک کو بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ، احتجاج میں تاجر، سیاسی، سماجی ، وکلاء رہنماؤں اور لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں مہنگی بجلی کے خلاف مظاہرین نے گیپکو آفس کا گھیراؤ کیا ، جہانیاں اور مانگا منڈی میں شہریوں نے بجلی کے بل اٹھا کر واپڈا حکام اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بلوں کو آگ لگادی ۔ پشاور میں مظاہرین نے بجلی کے بلوں میں اضافے کو ناقابل برداشت کہتے ہوئے حکومت سے ریلیف مانگا۔ نارووال، اٹک، سرگودھا اور ہری پور سمیت دیگر شہروں میں بھی مہنگی بجلی پر شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ شہریوں کاکہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے اضافی بل عوام کی برداشت سے باہر ہوگئے، غریب عوام دو وقت کی روٹی پوری کریں یا  بجلی کے بھاری  بل جمع کرائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور ٹیکس بھی ختم کیا جائے ۔