نجی و سرکاری وائس چانسلرز کو جنسی ہراسگی کے تدارک کیلئے مراسلہ جاری
08-25-2023
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ سیکٹر کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو جنسی ہراسگی کے واقعات کے تدارک کے اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کی طرف سے بھیجے گئے مراسلے میں سرکاری و نجی جامعات میں حالیہ ہراسگی کے واقعات پر میکانزم مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی جامعات میں کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف ایکٹ 2010 اور تعلیمی اداروں میں جنسی ہراسگی کے خلاف تحفظ کی پالیسی کے تحت انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ جامعات میں سینئر خاتون فیکلٹی ممبر کو فوکل پرسن مقرر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔ مراسلہ میں کہا گیا کہ جنسی ہراسگی کے واقعات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ طلبہ کو کوڈ آف کنڈکٹ سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنا یونیورسٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہو گی۔