نواز شریف وطن واپس کب آئیں گے، شہباز شریف نے تاریخ بتا دی

08-25-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئین کی روح کے مطابق اسمبلی کو تحلیل کیا، الیکشن کرانا چیف الیکشن کمشنر کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ میں نوازشریف کا دور دور تک نام نہیں تھا، نواز شریف کو سازش کے تحت پانامہ کیس میں ملوث کیا گیا، اقامہ کیس کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی تھا، 4 سو پاکستانیوں کے پانامہ میں نام تھے، کسی نے پوچھا تک نہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف اکتوبر میں واپس پاکستان جائیں گے، اس سے قبل نواز شریف جب بیٹی کے ساتھ پاکستان واپس آئے تو پتہ تھا سیدھا جیل میں بھجوایا جائے گا، اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو پہلی رات زمین پر سلایا گیا، نواز شریف اور ان کی بیٹی کو کہا گیا جیل کا کھانا کھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیل میں اور کلثوم نواز لندن میں ہسپتال میں تھیں، نواز شریف کی کوشش کے باوجود ان کی اپنی بیمار اہلیہ سے بات نہیں کرائی گئی، ایک سو دن تک نواز شریف روزانہ بیٹی کے ہمراہ احتساب عدالت پیش ہوتے رہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پر رات تک جرح ہوتی تھی، دوہرے معیار نے انصاف کو برباد کر دیا ہے، نواز شریف پاکستان آئیں گے، قانون کا سامنا کریں گے، احتساب وقت کی ضرورت ہے، بلاامتیاز ہونا چاہئے۔