پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات
08-25-2023
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے رائے ونڈ میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مریم نواز شریف نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر جین میریٹ کو مبارک باد دی۔ مریم نواز نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جین میریٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی تعیناتی سے برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے سیلاب متاثرین اور بچیوں کی تعلیم کیلئے برطانیہ کی جانب سے مدد کو بھی سراہا اور شکریہ ادا کیا، برطانوی ہائی کمشنر نے نیک تمناﺅں کے اظہار پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں ملاقات میں قریبی دو طرفہ دوستانہ تعلقات، ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور خواتین کو با اختیار بنانے کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔