ورلڈ کپ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گی

08-25-2023

(لاہور نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کرکٹ ورلڈکپ کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع کرے گی۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ میچز کی جنرل سیل پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے شروع ہوگی جس دوران دنیا بھر کے کرکٹ فینز آن لائن اپنے پسندیدہ میچز کے ٹکٹ بک کروا سکیں گے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ فینز آسانی سے ٹکٹ خرید سکیں اس لیے مرحلہ وار ٹکٹوں کی فروخت ہوگی ، نان انڈیا وارم اپ میچز اور نان انڈیا ایونٹ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت آج شروع ہوگی۔ آئی سی سی کے مطابق بھارت کے مختلف وینیوز پر ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت 30 اگست سے شروع ہوگی جب کہ پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی فروخت 3 ستمبر کو شروع ہوگی ۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے فینز کیلئے جاری پیغام میں کہا کہ آج ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو رہی ہے، وینیوز فینز کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب آئی سی سی چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس نے کہا کہ ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کرکے خوشی ہو رہی ہے، تاریخی ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے اپنی سیٹیں محفوظ بنالیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔