مسلم لیگ ن کا حلقہ بندیوں کے بعد جلد انتخابات کا مطالبہ
08-25-2023
(لاہور نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی حلقہ بندیوں کے بعد جلد ازجلد انتخابات کامطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران حلقہ بندی کا عمل جلد مکمل کرنے کے حوالے سے تجاویز الیکشن کمیشن کو دے دیں۔ لیگی وفد نے اپنی تجاویز میں کہا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 15 سے 20 دن قبل مکمل ہوسکتا ہے، نئی ووٹر لسٹوں کو ساتھ مرتب کیا جا سکتا ہے، نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل کر کے انتخابی شیڈول جاری کیا جا سکتا ہے، اس عمل سے جلدی انتخابات ممکن ہوسکیں گے، آئین اور قانون کے مطابق جتنا جلدی الیکشن ہو ملک کیلئے بہتر ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ ہماری تجویز پر الیکشن کمیشن نے مثبت جواب دیا، الیکشن کمیشن اپنی صلاحیت اور اہلیت دیکھ کر جلد انتخابات کروانے کی کوشش کرے گا، الیکشن کمیشن بھی چاہتا ہے کہ سیاسی عمل جاری رہے ، الیکشن کمیشن بھی یہ ذمہ داری جلد نبھانے کا خواہاں ہے۔ لیگی رہنماؤں نے کہا کہ آئین اور قانون 90 دن میں انتخابات کرانے کا کہتا ہے، آئین کے مطابق نئی مردم شماری کے سرکاری نتائج جاری ہونے کے بعد نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں، امریکی سفیر کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات الگ معاملہ ہے، انتخابات ہمارا اندرونی معاملہ ہے، امریکی سفیر کی ملاقاتیں اس پر اثر انداز نہیں ہونگی۔