احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج

08-25-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر درخواست نیب کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔

سپریم کورٹ میں مشیر نگران وزیراعظم احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ احد چیمہ کے کیس کی ازسرنوتحقیقات کی گئیں، دوبارہ تحقیقات پر نتیجہ نکلا کہ احد چیمہ پر نیب کا کیس بنتا ہی نہیں، سپریم کورٹ نیب پراسیکیوٹر کے بیان پر شدید برہم ہو گئی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ احد چیمہ 3سال جیل میں رہے، اب نیب کہتا ہے کیس ہی نہیں بنتا،احد چیمہ کے جیل میں گزرے 3سال کا مداوا کون کرے گا؟ سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 3 سال قید رکھنے کے بعد دوبارہ انویسٹی گیشن پر نیب کو معلوم ہوا کہ ریفرنس بنتا ہی نہیں تھا، نیب قانون کا مذموم مقاصد کے لیے استعمال بند ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بے رحمی سے استعمال کیا گیا، نیب کو آلہ کار کے طور پر مخصوص افراد کے خلاف استعمال کیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت سوچ رہی ہے کہ احد چیمہ کیس میں جرمانہ کس پر عائد کیا جائے؟ نہیں چاہتے کہ ریاست ہمیں جرمانہ ادا کرے، ریاست نے نیب پر اعتماد کیا تھا، وکلاء کو نیب کی طرف سے ایسے کیسز لینے پر احتجاج کرنا چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان ادارے مستحکم ہوں گے تو حکومت چلے گی، پاکستان اداروں میں استحکام لانا ہماری ذمہ داری ہے، نیب اپنی کارکردگی کو قانونی طور پر بہتر کرے۔