بابراعظم کا امارات لیگ سے 15 کروڑ کا معاہدہ کیوں نہ ہو سکا؟

08-25-2023

(ویب ڈیسک) بابراعظم کا امارات لیگ سے15 کروڑ کا معاہدہ نہ ہو سکا،انہیں امارات لیگ کا سفیر بھی بنایا جانا تھا۔

آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا ایڈیشن19جنوری سے 18 فروری تک منعقد ہوگا، گذشتہ برس ایونٹ میں کسی پاکستانی کرکٹر کو شرکت کی اجازت نہ تھی، البتہ اس بار شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور اعظم خان ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ کپتان بابراعظم کو بھی 15 کروڑ روپے کے معاہدے کی پیشکش ہوئی،انہیں لیگ کا سفیر بھی بنایا جا رہا تھا، معاملات خاصی حد تک طے بھی ہو گئے مگر پھر ادائیگی کی شرائط اور امیج رائٹس پر بات نہ بن سکی، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ممکنہ طور پر 10 جنوری کو آغاز ہوگا، بابراعظم اور محمد رضوان سمیت کئی پاکستانی کرکٹرز فراغت کے دنوں میں حصہ لیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی نے آئی ایل ٹی ٹوئٹی سے سالانہ 4 لاکھ ڈالر کے عوض معاہدہ کیا ہے، انہیں امیج رائٹس کی مد میں مزید رقم بھی دی جائے گی، یوں وہ بھی تقریبا15 کروڑ ہر سال حاصل کر سکیں گے،ان کے معاہدے میں یہ بات شامل ہے کہ تینوں سال وہ سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے کھلاڑی ہوں گے،اگر تیسرے ایڈیشن میں زیادہ رقم پر کوئی اور کھلاڑی آیا تو شاہین کے معاوضے میں بھی خود بخود اضافہ ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ ہر لیگز میں پلیئر کو ایک مخصوص حد تک ہی فیس دی جاتی ہے،البتہ اگر کوئی بڑا سٹار آ جائے تو امیج رائٹس کی مد میں اس کا معاوضہ بڑھا دیتے ہیں، اس صورت میں اسے کوئی ٹویٹ کرنے، لیگ کی پروموشن، فوٹو شوٹ یا کسی ایونٹ میں شریک ہونے کا کہا جا سکتا ہے، اس کا الگ معاہدہ ہوتا ہے۔