بابر خود پر ہونیوالی تنقید کا جواب پرفارمنس سے دیتے ہیں: عابد علی

08-25-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے کہا ہے کہ بابر اعظم پر تنقید ہوتی ہے تو وہ اس کا جواب اپنی پرفارمنس سے دیتے ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران عابد علی نے کہا کہ  اچھی بات ہے کہ بابر اعظم پر تنقید ہوتی ہے جو ہونی بھی چاہیے، تعمیری تنقید کھلاڑی کو حوصلہ دیتی ہے، بابرتنقید کا جواب اپنے اسکورز کی صورت میں دیتے ہیں، بابر اعظم پاکستان کا ستارہ ہیں، بیٹنگ میں پوری مہارت رکھتے ہیں،انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ عابد علی کا کہنا تھا کہ  پاکستان بیٹرز جو اس وقت ٹیم کا حصہ ہیں میں ان کے لیے دعاگو ہوں کہ وہ ہر میچ میں اچھے رنز کریں، سعود شکیل اور سلمان علی آغا پاکستان کے لیے طویل عرصے کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم سے دوری کے باوجود میں اب بھی پْرعزم ہوں کہ اچھی کارکردگی دکھا کر کسی بھی وقت کم بیک کرسکتا ہوں، ڈومیسٹک سیزن میں ایک بار پھر کوشش ہوگی کہ ہرمیچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر سب کے دل جیتوں، کم بیک کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔