یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی فروخت جلد شروع ہونے کا امکان

08-25-2023

(ویب ڈیسک) یوٹیلٹی سٹورز نے چینی کی فروخت کے معطل شدہ عمل کو بحال کردیا۔

یوٹیلٹی سٹورز ذرائع کے مطابق  خریدی گئی 10ہزار ٹن میں سے 2145 ٹن چینی شوگر ملز سے اٹھا لی گئی ہے اور چینی کی فراہمی جلد یوٹیلیٹی سٹورز پر شروع کر دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی نہ خریدی جاتی تو چینی کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ تھا اسی لیے یوٹیلٹی اسٹورز نےگزشتہ ماہ10ہزار ٹن چینی خریدی تھی۔ ذرائع کے مطابق فی کلو چینی 130 روپے کے حساب سے خریدی گئی ہے اور اخراجات ملا کر چینی تقریباً 140 روپے کلو میں پڑے گی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر گزشتہ کئی مہینوں سے چینی دستیاب نہیں تھی جس وجہ سے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی خریدنے کے لیے آنے والوں کو خالی ہاتھ جانا پڑتا تھا۔