سانحہ جڑانوالہ: پنجاب حکومت نے 10 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دیں

08-25-2023

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کےلئے 10 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دیں،پولیس افسران پرمشتمل جے آئی ٹیزسانحہ جڑانوالہ کے واقعات پرحقائق کا تعین کرکے رپورٹ مرتب کریں گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ اورفسادات کی تحقیقات کیلئے دس مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں جڑانوالہ میں 16 اگست کے واقعات پر درج ہونے والے 21 مقدمات کی تفتیش اورحقائق سامنے لانے کے لیے شواہد کا تجزیہ کریں گی،تمام جے آئی ٹیز کا ایک ایک کنوینئر اورماتحت افسران مقرر کیے گئے ہیں ۔ جے آئی ٹیز سی ٹی ڈی ، سی آئی اے اورانویسٹی گیشن پولیس افسران پرمشتمل ہیں، تمام ٹیمیں جلد از جلد حقائق سامنے لانے کے علاوہ غفلت اور ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ حکومت کو بھجوائیں گی۔