پی ایچ ایف نے اعتماد کے ووٹ کیلئے کانگریس کا اجلاس طلب کرلیا

08-25-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی کانگریس کا اجلاس 31 اگست کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 31 اگست کو اسلام آباد میں فیڈریشن کے صدربریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کی ہدایات پر پی ایچ ایف کانگریس کا اجلاس بلوایا گیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق اعتماد کا ووٹ اور بجٹ اخراجات کی منظوری اجلاس کے ایجنڈا کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تمام کانگریس ارکان کو پی ایچ ایف کانگریس اجلاس میں ضروری شرکت درخواست کی گئی ہے۔ پی ایچ ایف کانگریس اجلاس31 اگست دوپہر 12:30 بجے جناح ایونیو، بلیو ایریا اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) ختم کرتے ہوئے، پی ایچ ایف کے سیکرٹری سمیت تمام عہدیداروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ پی ایچ ایف کے تمام ممبران کو 31 اگست کو کانفرنس میٹنگ میں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، یہ فیصلہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی 16 اگست کو ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام آفیشلز کو معطل کر دیا ہے اور وزیراعظم آفس کی ہدایات پر تمام عہدیداروں کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی نگرانی میں ملک بھر میں کلبوں کی سکروٹنی کروائی جائے گی۔