جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ، صدر مملکت کے مساوی پروٹوکول دیا جائیگا

08-25-2023

(ویب ڈیسک) جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کیلئے دورہ پاکستان کے دوران کراچی میں صدر مملکت کے مساوی پروٹو کول کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 27 اگست کو کراچی پہنچ رہی ہے اور 20 روزہ دورہ مکمل کر کے 15 ستمبر کو اپنے وطن واپس روانہ ہوگی۔ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کیلئے صدر پاکستان کا پروٹوکول اور حفاظتی انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وی وی آئی پی سکیورٹی اور پروٹوکول کی اس کیٹیگری کے تحت ٹیم کی رہائش اور آمد و رفت کیلئے سڑکوں اور راستوں کو 'زیرو' حد تک کلیئر رکھا جاتا ہے اور آمد و رفت کیلئے 3  متبادل روٹ اے، روٹ بی اور سی روٹ لگائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آمدورفت کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈ سے کلیئر کرایا جاتا ہے۔ عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کی حفاظت کیلئے سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔ ایس ایس جی کمانڈوز، رینجرز کی نفری، ڈسٹرکٹ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات ہوگی۔ جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مابین کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں یکم، 3 اور 5 ستمبر کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، جو شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔  پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ 8 ، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے  میچ بھی کھیلے گی، جو سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوں گے۔