سابق وزیراعظم نواز شریف کا فوری وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ

08-24-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی ستمبر میں وطن واپسی کے حوالے سے چہ میگوئیاں، دعوے بیانات سب دم توڑ گئے، سابق وزیراعظم اکتوبر یا نومبر میں وطن لوٹیں گے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات میں وطن واپسی ستمبر میں نہ کرنے پر اتفاق ہوا، جس سے نواز شریف کا ستمبر میں وطن واپسی کا امکان ختم ہوگیا، نواز شریف فروری 2024ء  میں انتخابات کی صورت میں اکتوبر یا نومبر میں وطن واپس لوٹیں گے۔ سینئر رہنماؤں کی تجویز پر نواز شریف نے وطن واپسی پر آبائی شہر لاہور میں لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، نواز شریف کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی بیٹھک میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور ملکی سیاست کے مستقبل پر غور کیا گیا۔ آئندہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم کے معاملات زیر بحث آئے جبکہ مسلم لیگ نون کا آئندہ بیانیہ کیا ہوگا، اس پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔