محسن نقوی کا رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ، پیشرفت کا جائزہ لیا

08-24-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور مراکہ کے قریب پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ارتھ ورک کا معائنہ کیا اور پراجیکٹ کی الائنمنٹ کا بھی جائزہ لیا، وزیر اعلی پنجاب نے پراجیکٹ پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور پراجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی، 12 سال کے طویل عرصے کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک کا لوڈ کم ہو گا،  لاہور کی ٹریفک بہترین طریقے سے ریگولیٹ ہو گی- سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو رنگ روڈ سدرن تھری پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی،دوران بریفنگ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بتایا گیا کہ منصوبے کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔